Nov ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • دہلی پر کورونا اور خطرناک فضائی آلودگی کی یلغار

ہندوستان کے کئی شہروں میں ہر چند کہ کورونا کیسز میں کمی آ رہی ہے تاہم دارالحکومت دہلی میں کورونا کی رفتار بڑھ رہی ہے۔

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے لوگ کورونا وائرس کے ہر روز ریکارڈ توڑ نئے معاملوں اور آب و ہوا میں آلودگی کے زہر کی وجہ سے پہلے ہی کافی دقتوں کا سامنا کررہے تھے کہ اب آسمان میں دھویں جیسی چادر نے انہیں اور بے حال کر دیا ہے۔

بدھ کو شام کے وقت آسمان پر دھویں کی شدید چادر چھائی رہی جس سے حد بصارت پر بھی اثر پڑا اور جمعرات کی صبح بھی یہی حال نظر آیا۔ دہلی کی ہوا بے حد خراب ہے۔ بدھ کی صبح دہلی میں ہوا کے معیار میں جزوی بہتری سے کچھ راحت ملی تھی لیکن چند گھنٹوں میں ہی یہ غائب ہو گئی اور ہوا پہلے سے بھی زیادہ آلودہ ہوگئی۔

دہلی آلودگی کنٹرول بورڈ (ڈی پی سی سی) کے مطابق آج صبح آر کے پورم میں فضائی معیار انڈیکس (اے کیو آئی) کی سطح 451 رہی۔ لودھی روڈ پر یہ 394، آئی جی آئی ایئرپورٹ پر 440 اور دوارکا میں 456 تھا۔

معیاروں کے مطابق صفر سے 50 کے درمیان اے کیوآئی کو ’اچھا‘ ،51 سے 100 کے درمیان ’اطمینان بخش‘ ،101سے 200 کے دوران ’درمیانے‘ ،201 سے 300 کے دوران ’خراب‘،301 سے 400 کے درمیان ’بے حد خراب‘ اور 401 سے 500 کے درمیان ’شدید‘ اور خطرناک مانا جاتا ہے۔

ادھر دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں کورونا وائرس کی تیسری لہر چل رہی ہے۔ تہواروں کی وجہ سے بازار میں بھیڑ ہے اور حکومت کی بار بار اپیل اور ماسک پہننے اور کورونا کے دیگر پروٹوکول پر عمل نہ کرنے پر چالان کئے جانے کے باوجود لوگوں کی لاپرواہی جاری ہے۔

ٹیگس