ہندوستان کا 77 واں یومِ جمہوریہ: صدر جمہوریہ نے قومی پرچم لہرایا، شاندار روایتی پریڈ
ہندوستان میں آج 77 واں یومِ جمہوریہ پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مرکزی تقریب دہلی کے کرتویہ پتھ پر منقعد ہوئی، صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے قومی پرچم لہرایا۔
سحرنیوز/ہندوستان: دہلی سے ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آج ہندوستان کے 77 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر صدر دروپدی مرمو نے قومی پرچم لہرا کر یومِ جمہوریہ کی مرکزی تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا۔ قومی پرچم لہراتے ہی ہندوستان کے قومی ترانے کی آواز فضا میں گونجی اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اس موقع پر صدرِ جمہوریہ کے ساتھ یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا وون ڈیر لاین بطور خصوصی مہمان موجود تھیں۔ وزیرِاعظم نریندر مودی نے سلامی اسٹیج پر دونوں معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ روایت کے مطابق صدرِ جمہوریہ اور مہمانانِ خصوصی کو ہندوستانی فوج کی سب سے سینیئر رجمنٹ نے کرتویہ پتھ تک پہنچایا۔ وزیرِاعظم کے ساتھ وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے نائب صدر سی پی رادھا کرشنن کا بھی استقبال کیا۔

اطلاعات کے مطابق کرتویہ پتھ پر یومِ جمہوریہ کی روایتی پریڈ میں جدید دفاعی نظاموں کی نمائش کے ساتھ ساتھ رنگا رنگ جھانکیاں بھی نکالی گئیں۔ برہموس اور آکاش جیسے جدید میزائل نظاموں کی جھلک بھی نمائش کے دوران دیکھنے کو ملی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
یومِ جمہوریہ کی مرکزی تقریب کا ایک اہم اور پُراثر پہلو شاندار فضائی مظاہرہ تھا۔ راشٹرپتی بھَون (ایوان صدر) کے اوپر دن کی پہلی فلائنگ فارمیشن پیش کی گئی، جس میں 129 ہیلی کاپٹر یونٹ کے چار ایم آئی 17 آئی وی ہیلی کاپٹروں نے قومی پرچم کے ساتھ ہندوستانی فوج، بحریہ اور فضائیہ کے سروس پرچم لہرائے۔