Nov ۰۹, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
  • دہلی میں فضائی آلودگی میں خطرناک حدتک اضافہ

ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے ۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دہلی میں فضائی آلودگی بے قابو ہوتی نظر آرہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دہلی کی فضا میں گہرے کہرے اور دھویں کی چادر چھائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو سانس لینے بھی دشواری محسوس ہورہی ہے۔ دہلی میں لوگوں نے آنکھ میں شدید جلن کی شکایت بھی کی ہے۔
دہلی کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ فضائی آلودگی کورونا کی شدت بڑھا سکتی ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور وزیر صحت ستندر جین نے لوگوں سے بہت زیادہ احتیاط سے کام لینےکی اپیل کی ہے ۔
اسی کے ساتھ پیر کو قومی دارالحکومت دہلی میں پٹاخے چھوڑنے اور آتش بازی پر مکمل پابندی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
پیر کو دہلی کے مختلف علاقوں میں ہوا کی کوالٹی کا انڈیکس چار سو پینسٹھ سے چار سو چوراسی تک ریکارڈ کیا گیا جو انتہائی سنگین ایئر کوالٹی انڈیکس قرار دیا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس میں صفر سے پچاس کے درمیان اچھا ، اکیاون سے سو کے درمیان اطمینان بخش ، ایک سو ایک سے دو سو تک درمیانہ، دو سو ایک سے تین سو تک خراب ، تین سو ایک سے چار سو تک نہایت خراب، اور چار سو ایک سے پانچ سو تک کو سنگین قرار دیا گیا ہے۔

ٹیگس