کسانوں نے بھارت بند کا اعلان کردیا
ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے آٹھ دسمبر کو کسانوں کی جانب سے بھارت بند کی کال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ ان کی پارٹی کسانوں کے بھارت بند کو کامیاب بنانے کی پوری کوشش کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے ساتھ مذاکرات کا ڈھونگ کرکے انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پارٹی کے کارکنوں کے لئے ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ آٹھ دسمبر کے بھارت بند میں کسانوں کا بھر پور ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی کے کارکن تحصیل کی سطح پر کام کرکے اس بند کو کامیاب بنائیں گے ۔ ہندوستانی کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے بتایا کہ کسانوں کے ساتھ جاری نا انصافی کے خلاف کانگریسی کارکن، ریاستی دارالحکومتوں کے ساتھ ہی ضلع اور تحصیل کے مراکز میں بھی کسانوں کے ساتھ مل کے ملک گیر احتجاج میں حصہ لیں گے۔
یا د رہے کہ ہندوستان میں کسانوں کی تنظیموں نے سنیچر کو مرکزی حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد آٹھ دسمبر کو بھارت بند کا اعلان کیا ہے۔ اسی کے ساتھ دہلی کی سرحد پر ریاست اتر پردیش، پنجاب، ہریانہ اور اتراکھنڈ کے کسانوں کا دھرنا اور روڈ جام بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہندوستان کے کسان حال میں پاس ہونے والے تین زرعی قوانین کی منسوخی کا مطالبہ کررہے ہیں جنہیں کسان مخالف کہا جارہا ہے۔