Jan ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں  نمایاں کمی

ہندوستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ ملک کی آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے فعال معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔

ہندوستان میں کورونا وائرس کے نئے معاملات میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران نمایاں کمی آئی ہے اور اس مدت کے دوران یومیہ معاملات کی تعداد چودہ ہزار سے بھی کم رہی ہے جبکہ کورونا  کو شکست دینے والوں کی تعداد بھی قدرے زیادہ رہی۔

پیر کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے تیرہ ہزار دو سو تین نئے معاملات رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے یہ تعداد ایک کروڑ چھ لاکھ سڑسٹھ  ہزارتک جا پہونچی ہے۔

اسی عرصے کے دوران تیرہ ہزار دو سو اٹھانوے مریض صحت مند ہوئے، جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ تین لاکھ تیس ہزار چوراسی ہو گئی ہے۔ ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو اکتیس مریضوں کی موت ہوئی جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ ترپن ہزار چار سو ستر ہو گئی ہے۔

دوسری طرف گزشتہ جوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کی آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے ایکٹیو کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ فعال معاملات میں سب سے زیادہ اضافہ ریاست مہاراشٹرمیں دیکھا گیا، اس کے بعد سب سے زیادہ فعال معاملات کیرالا میں ریکارڈ کئے گئے۔

دریں اثنا اطلاعات ہیں کہ ہندوستان میں کورونا ویکسین کی ٹیکہ کاری کا کام جاری ہے اوراب تک سولہ لاکھ پندرہ ہزار پانچ سو چار افراد کو کورونا کی ویکسین دی جا چکی ہے ۔

ٹیگس