Mar ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کی نئی لہر

ہندوستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ نے ایک بار پھر تیزی پکڑ لی ہے اور خطرناک شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق ملک میں کورونا کی دوسری لہر میں نئے مریضوں کی یومیہ تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں میں انسٹھ ہزار نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ یہ تعداد جمعرات کو ترپن ہزار چار سو چھیہتر، بدھ کو سینتالیس ہزار دو سو باسٹھ اور منگل کو چالیس ہزار سات سو پندرہ تھی۔

اس رپورٹ کے مطابق اگرچہ ہندوستان کی سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے یومیہ مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے، لیکن گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے سب سے زیادہ نئے مریضوں کا اندراج ریاست مہاراشٹر میں کیا گیا۔ مہاراشٹر میں جمعے کو کورونا کے پندرہ ہزار تین سو ستانوے مریضوں اور ایک سو گیارہ نئ اموات کا اندراج کیا گیا۔

ہندوستانی وزارت صحت کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے اعداد و شمار میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد دو سو ستاون بتائی گئی ہے۔
ہندوستان کی وزارت صحت نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ اب تک پانچ کروڑ ، پچپن لاکھ، چار ہزار چار سو چالیس افراد کو کورونا کا ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔

 

ٹیگس