ہندوستان میں کورونا کی شدت اور ویکسینیشن کے تیسرے مرحلے کا آغاز
ہندوستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور یومیہ کیسز بڑھ کر بہتر ہزار سے تجاوز کر گئے ہیں۔
ہندوستان کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے بہتر ہزار تین سو تیس نئے کیسز سامنے آئے ہیں اس کے بعد کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ، بائیس لاکھ، اکیس ہزار، چھے سو پینسٹھ، ہو گئی ہے۔
اس دوران چالیس ہزار تین سو بیاسی مریض صحتیاب ہوئے جس سے اب تک ایک کروڑ، چودہ لاکھ، چوہتر ہزار، چھے سو تراسی مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ اسی عرصے کے دوران مزید چار سو انسٹھ مریضوں کی موت ہونے سے اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ باسٹھ ہزار، نو سو ستائیس ہو گئی ہے۔
ہندوستان میں شفایابی کی شرح جزوی طور پر کم ہو کر ترانوے اعشاریہ آٹھ نو فیصد اور فعال کیسز کی شرح بڑھ کر چار اعشاریہ سات آٹھ فیصد ہو گئی ہے-
جبکہ شرح اموات کم ہو کر ایک اعشاریہ تین تین فیصد رہ گئی ہے۔مہاراشٹر کورونا کے فعال کیسز کے معاملے میں سرفہرست ہے۔
اس درمیان جمعرات سے ہندوستان میں کورونا ویکسین لگانے کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے - اس مرحلے میں پینتالیس سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے-