ہندوستان چابہار بندرگاہ کی توسیع کا پابند ہے : منداویہ
ہندوستان کے وزیر برائے پورٹس اور شیپنگ نے نئی دہلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سے ملاقات میں کہا ہے کہ ان کا ملک چابہار بندرگاہ کی توسیع و ترقی کے وعدے کو پورا کرے گا -
ہندوستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرعلی چگینی اور ہندوستان کے بندرگاہوں اور جہازرانی کے وزیر "مان سکھ منداویہ" نے اپنی ملاقات میں بندرگاہوں اور جہازرانی کے میدان میں دونوں ملکوں کے اندر موجود مواقع اور گنجائشوں کو بالخصوص چابہار بندرگاہ کی توسیع کے پروجکٹ کے بارے میں گفتگو کی۔
ہندوستان کے بندرگاہوں اورجہاز رانی کے وزیر نے اس ملاقات میں ایران اور ہندوستان کے درمیان نہایت اچھے تاریخی تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے موجودہ دور میں خاص طور پرچابہار بندرگاہ کے ذریعے باہمی تعاون کے فروغ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ہندوستانی حکومت اس سلسلے میں معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے لئۓ پرعزم ہے۔
مان سکھ منداویا نے چابہار بندرگاہ کی توسیع کو افغانستان اور وسطی ایشیا تک سامان کی ترسیل کا مناسب ذریعہ قرار دیا اور چابہار اور ہندوستانی بندرگاہوں کے درمیان مسافر بحری جہاز چلائے جانے کا بھی خیرمقدم کیا ۔
ہندوستان کے بندرگاہوں اور جہازرانی کے وزیر نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ بعض کمپنیاں چابہار بندرگاہ میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں کہا کہ تاجروں اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد ہی اس بندرگاہ کا دورہ کرنا چاہتا ہے۔