Apr ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۱ Asia/Tehran
  • دہلی میں لاک ڈاؤن کا اعلان

ہندوستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت آنے کے بعد دہلی میں ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ کانگریس، ترنمول کانگریس اور سی پی آئی ایم نے کولکتہ میں انتخابی مہم روک دی ہے۔

دہلی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں شدت آنے کے بعد ریاستی حکومت نے پیر کی رات دس بجے سے، چھے دن کے لئے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے لیفٹننٹ گورنر کے ساتھ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں اس لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران سبھی ضروری خدمات کو اس سے باہر رکھا گیا ہے۔

کھانے پینے کی دکانیں اور میڈیکل اسٹور کھلیں گے اور شادی کی تقاریب منعقد ہوں گی۔ شادی کی تقاریب میں پچاس لوگ شرکت کرسکیں گے اور اس کے لئے پاس جاری کئے جائیں گے۔

ادھر مغربی بنگال میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت آنے کے بعد، کانگریس پارٹی اور سی پی آئی ایم نے تمام بڑی ریلیوں کے پرگرام منسوخ کردیئے ہیں۔ اسی کے ساتھ ریاست کی حکمراں ترنمول کانگریس نے کولکتہ میں اپنی سبھی ریلیاں منسوخ کردی ہیں لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی تشہیراتی مہم جاری رکھی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ ریاست چھتیس گڑھ اور لداخ کو چھوڑ کے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دو لاکھ تہتر ہزار آٹھ سو دس نئے مریضوں اور ایک ہزار چھے سو انیس اموات کا انداراج کیا گیا۔
ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے سب سے زیادہ بائیس ہزار چار سو چوہتر نئے مریضوں کا مہاراشٹر اور اس کے بعد یوپی میں اکیس ہزار تین سو اٹھانوے نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔

 

ٹیگس