صدر ایران: ایران اور روس کے درمیان کامیاب تعاون دنیا میں یک قطبی دور کے خاتمے کی علامت
صدر پزشکیان نے ایران اور روس کے درمیان تعاون کو عالمی یک قطبی نظام کے خلاف مؤثر قرار دیتے ہوئے دوطرفہ معاہدوں کے فوری نفاذ اور دوستانہ تعلقات میں توسیع پر زور دیا۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور روس جیسے خودمختار ممالک کے درمیان کامیاب تعاون سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا میں یک قطبی دور کا خاتمہ ہوچکا ہے۔
تہران میں روس کے وزیر توانائی سرگئی تسویلیف سے ملاقات میں صدر پزشکیان نے زور دیا کہ خودمختار ریاستیں ترقی اور خوشحالی کے لیے عالمی طاقتوں پر انحصار کیے بغیر آگے بڑھ سکتی ہیں۔
صدر نے دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فریقین دوطرفہ معاہدوں کے نفاذ خاص طور پر نقل و حمل، توانائی اور بجلی کی پیداوار کے شعبوں میں تعاون میں تیزی لانے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ماہرین کی میٹنگز میں ہونے والے فیصلوں کو فوری عملی شکل دینے کی ضرورت ہے اور وزراء و تکنیکی ٹیموں سے درخواست کی کہ وہ ان اہداف کے حصول کے لیے بھرپور محنت کریں۔
انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ دوطرفہ سفارتی تبادلے دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔
ملاقات کے دوران روسی وزیر تسویلیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے اعلی حکام کی کوششوں کی بدولت ایران-روس مشترکہ اقتصادی کمیشن کے تحت تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے صدر پزشکیان کی دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ روس معاہدوں کے نفاذ میں تیزی لانے کے لیے تیار ہے۔