سعودی عرب اور پاکستان نے مشترکہ اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیئے
سعودی عرب کے ولیعہد اور پاکستانی وزیر اعظم نے مشترکہ اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: سعودی ولیعہد محمد بن سلمان نے ریاض میں پاکستانی وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی میزبانی کی۔
ایک سرکاری ملاقات میں سعودی ولی عہد اور پاکستانی وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو مضبوط بنانے اور فروغ دینے کے مقصد سے، جاری کوششوں اور باہمی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں دوونوں فریق نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت سمیت تازہ ترین علاقائی اور عالمی صورتحال کا جائزہ لیا۔ان مذاکرات کے اختتام پر محمد بن سلمان اور محمد شہباز شریف نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے ایس ایم ڈی اے پر دستخط کئے۔
پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ ریاض کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان آٹھ دہائیوں کی تاریخی شراکت اور دوستی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
اس معاہدے میں سعودی عرب اور پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں میں سے کسی ایک پر حملہ ، دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا۔