Sep ۱۸, ۲۰۲۵ ۰۷:۲۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈ میں شدید بارش اور بادل پھٹنے سے پندرہ افراد ہلاک

ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈ میں شدید بارش اور بادل پھٹنے سے پندرہ افراد ہلاک اور سولہ لاپتہ ہوگئے جبکہ ندیوں میں طغیانی کے سبب کئی سڑکیں اور پل بہہ گئے۔

سحرنیوز/ہندوستان: اتراکھنڈ میں شدید بارش اور بادل پھٹنے کے بعد حالات نہایت سنگین ہو گئے ہیں۔ مختلف اضلاع میں بارش کے نتیجے میں سیلابی کیفیت، دریاؤں کی طغیانی اور مسلسل لینڈسلائیڈ نے عام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ریاستی محکمہ آفت انتظام کے مطابق اب تک پندرہ افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ سولہ افراد لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ نوسو سے زائد افراد مختلف مقامات پر پھنس گئے تھے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کر کے محفوظ مقام پر پہنچایا۔ سب سے زیادہ تباہی ضلع دہرادون میں دیکھی گئی ہے جہاں تیرہ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
مسلسل بارش اور طغیانی کے سبب دہرادون مسوری روڈ سمیت کئی اہم سڑکیں بہہ گئیں، متعدد پل ٹوٹ گئے اور آمدورفت کے ذرائع منقطع ہو گئے۔ یہ ایسےعالم میں ہے کہ گذشتہ دنوں ہندوستان کی متعدد ریاستوں میں وسیع پیمانے پر ہونے والی بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے نتیجےمیں سینکڑوں افراد ہلاک اور لاپتہ ہوگئے اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے-

ٹیگس