والی بال ورلڈ چیمپین شپ؛ فلپائن کی ایران کے ہاتھوں شکست
ایران کی والی بال کی قومی ٹیم نے ورلڈ چیمپین شپ مقابلوں کے سلسلے میں آج بروز جمعرات فلپائن کا مقابلہ کیا۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی نوجوانوں نے منیلا میں ہونے والے اس مقابلے میں پہلا سیٹ 25 کے مقابلے میں 21 پوائنٹ سے فلپائن کے حوالے کیا لیکن دوسرے سیٹ میں جاکر کھیل اپنے ہاتھ میں لیا اور اسی اسکور سے فلپائن کو شکست دی۔
تیسرا سیٹ میزبان کے حق میں اختتام پزیر ہوا اور چوتھا25-23 کے اسکور سے ایران کے حق میں۔
کھیل کے پانچویں اور آخری سیٹ میں بھی ایران اور فلپائن کے کھلاڑی ٹکر کا کھیل کھیل رہے تھے کہ فلپائن نے 20واں پوائنٹ حاصل کرکے کھیل بظاہر جیت لیا لیکن ایران کے کوچ نے آخری لمحے ویڈیو چیک کا مطالبہ کیا۔
جب ریفریوں کی ٹیم نے بغور ویڈیو چیک کیا تو معلوم ہوا کہ فلپائن کے کھلاڑی کا ہاتھ بال سے ٹکرانے کے ساتھ ساتھ نیٹ سے بھی ٹکرا گیا تھا، اسی لیے فلپائن کا اسکور واپس اور کھیل جاری رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے بعد میچ کا رخ ایران کے حق میں مڑ گیا اور ایرانی نوجوانوں نے 22-20 اسکور سے فلپائن کو شکست دیکر میچ اپنے نام کیا۔
اس طرح ایران کی والی بال کی قومی ٹیم پہلے گروپ کی دوسری ٹیم کے طور پر مقابلوں کے پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی۔