Apr ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۰ Asia/Tehran
  • کورونا سوسال کا سب سے بڑا بحران ہے، ہندوستانی وزیراعظم

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا کے پھیلاؤ کو سوسال کا سب سے بڑا بحران قرار دیا ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق جمعے کو مرکزی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں کورونا کے بحران کا جائزہ لیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نریندرمودی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ کئی گھنٹے جاری رہی۔ اس میٹنگ میں کورونا کے بحران کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ یہ سوسال میں ملک کو درپیش سب سے بڑا بحران ہے جس سے نمٹنے کے لئے متحد ہوکے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں اور عوام مل کے ٹیم انڈیا کی طرح اس بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کورونا کی نئی لہر نے یومیہ متاثرین اوراموات میں ہندوستان کوسب سے آگے کردیا ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہندوستان میں کورونا کے تین لاکھ چھیاسی ہزار چار سو باون نئےمریضوں کا اندراج کیا گیا۔ اس دوران مزید ساڑھے تین ہزار کورونا کے مریض دم توڑ گئے۔
ہندوستان میں کورونا کی نئی لہر میں ضروری دواؤں اور آکسیجن کی شدید قلت ہوگئی ہے ۔ ہندوستان کے مختلف حلقے اور حزب اختلاف کی جماعتیں موجودہ صورتحال کا ذمہ دارحکومت کو قرار دے رہی ہیں ۔

ٹیگس