May ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کی نئی دوا کی رونمائی

ہندوستان میں کورونا کے قہر میں شدت اور یومیہ چار ہزار سے زائد اموات کے درمیان کورونا کی نئی دوا کی رونمائی کی گئی۔

ہندوستان کے دفاعی تحقیق اور ترقی کے ادارے، ڈی آر ڈی او کی تیار کردہ کورونا کی دوا ٹو ڈی جی کی رونمائی کردی گئی۔

اس موقع پر ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اس دوا کو کورونا کے خلاف جنگ میں امید کی ایک کرن قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ یہ دوا دیگر دواؤں کے مقابلے میں زیادہ موثر ثابت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن مریضوں کو یہ دوا دی گئی وہ دیگر مریضوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے صحتیاب ہوکے ڈھائی دن پہلے ہی اسپتالوں سے رخصت کردیئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن مریضوں کو یہ دوا دی گئی ان کا آکسیجن پر انحصار کم ہوکے چالیس فیصد تک رہ گیا۔


ہندوستان کے دفاعی تحقیق و ترقی کے ادارے ڈی آر ڈی او نے یہ دوا ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز کے تعاون سے تیار کی ہے۔

یہ دوا پاؤڈر کی شکل میں ہے اور اس کو او آر ایس کی طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ہندوستان میں کورونا کی یہ نئی دوا ایسی حالت میں ریلیز کی گئی ہے کہ کورونا کی دوسری لہر نے پورے ملک میں قیامت مچا رکھی ہے۔

اگرچہ اس لہر میں یومیہ متاثرین کی تعداد کم ہوکے تین لاکھ سے نیچے آگئی ہے لیکن یومیہ اموات بدستور چار ہزار سے زائد کی سطح پر برقرار ہیں۔

ٹیگس