حکومت کورونا کے باعث ہو رہی ہلاکتوں کی صحیح تعداد چھپا رہی ہے: کانگریس
ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے حکومت پر کورونا سے اموات کی صحیح تعداد چھپانے کا الزام لگایا ہے۔ سینیئر کانگریسی لیڈر ڈاکٹر نریش کمار نے کہا ہے کہ صرف دہلی میں کورونا سے لاکھوں لوگ ہلاک ہو چکے ہیں لیکن حکومت کہتی ہے کہ دہلی میں صرف تیس ہزار افراد کورونا سے مرے ہیں۔
جمعے کو ہندوستانی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک لاکھ بتیس ہزار تین سو چونسٹھ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جبکہ اسی مدت کے دوران دو لاکھ گیارہ ہزار چار سو ننانوے مریض شفایاب ہوئے۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید دو ہزار سات سو تیرہ مریض جان کی بازی ہار گئے۔
ہندوستان میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ چالیس ہزار سات سو دو بتائی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہوکے سولہ لاکھ پینتس ہزار نو سو ترانوے رہ گئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی شرح چھے فیصد سے کم، شفایابی کی شرح ترانوے اعشاریہ صفر آٹھ فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ ایک نو فیصد ہے۔