Jun ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • احتجاج کے باوجود ہندوستان میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ

ہندوستان میں حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کے اعتراضات اور عوام کے احتجاجی مظاہروں کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

دہلی سے ہمارے نمائندے کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بدھ کو ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے چاروں بڑے میٹرو شہروں میں دونوں پیٹرولیم ایندھنوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں بدھ کو پیٹرول پچیس پیسے کے اضافے کے ساتھ چھیانوے روپے چھیاسٹھ پیسے اور ڈیزل تیرہ پیسے کے اضافے کے ساتھ ستاسی روپے اکتالیس پیسے فی لیٹر فروخت ہوا۔ ممبئی میں پیٹرول کی قیمت چوبیس پیسے کے اضافے کے ساتھ ایک سو دو روپے بیاسی پیسے اور ڈیزل کی قیمت چورانوے روپے چوراسی پیسے فی لیٹر رہی۔

اسی کے ساتھ چنئی میں پیٹرول کی قیمت بائیس پیسے کے اضافے کے ساتھ ستانوے روپے اکیانوے پیسے اور ڈیزل کی قیمت بارہ پیسے کے اضافے کے ساتھ بانوے روپے دو پیسے جبکہ کولکتہ میں پیٹرول کی قیمت چوبیس پیسے کے ساتھ چھیانوے روپے اٹھاون پیسے اور ڈیزل کی قیمت تیرہ پیسے کے اضافے کے ساتھ نوے روپے پچیس پیسے فی لیٹر ریکارڈ کی گئی ۔ ہندوستان کی سب سے بڑی ائل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے بدھ کو طیارہ ایندھن کی قیمت میں بھی ڈھائی فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ جس سے ہوائی سفرمزید منہگا ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

یا د رہے کہ گزشتہ چار مئی سے ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔

ٹیگس