ہندوستان میں کسانوں کی تحریک کو سات ماہ مکمل
ہندوستان میں کسانوں کی تحریک کے سات ماہ مکمل ہونے پر ملک بھر میں گورنر ہاؤس کے سامنے مظاہرہ اور گورنروں کو میمورنڈم پیش کیا گیا۔
ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق سنیچر کو سبھی ریاستی دارالحکومتوں میں کسانوں نے گورنر ہاؤس کے سامنے اجتماع کیا اور گورنروں کو میمورنڈم پیش کرکے تینوں کسان مخالف قوانین منسوخ کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
بھارتیہ کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیت نے دہلی کی غازی پور سرحد پر صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ کسان تینوں نئے قوانین کی منسوخی کے مطالبے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تینوں کسان مخالف قوانین کی منسوخی تک کسانوں کی تحریک اور دہلی کی سرحدوں پر دھرنا جاری رہے گا۔
کسان رہنما راکیش ٹکیت نے بتایا کہ گزشتہ دنوں وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کو کسان تنظیموں کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات شروع کرنے کے لئے ایک خط ارسال کیا گیا لیکن ابھی تک اس خط کا جواب نہیں آیا ہے۔