ہندوستان میں جمعے کو ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ
ہندوستان میں دو دن کے وقفے کے بعد جمعے کو ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا
ہندوستان میں چار مئی سے شروع ہونے والے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ۔
اس درمیان یا دونوں پیٹرولیئم ایندھنوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا یا قیمتوں کو بڑھی ہوئی سطح پر برقرار رکھا گیا ۔ ہندوستان میں پیٹرولیئم ایندھنوں کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
اس درمیان مختلف تنظیموں اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے ملک کے طول وعرض میں بارہا ہے پیٹرولیئم ایندھنوں کی قیمتوں میں روز افزوں اضافے کے خلاف مظاہرے کئے ، دھرنے دیئے اور حکومت سے بڑھی ہوئی قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ پیٹرولیئم ایندھنوں کی قیمتوں کا تعین آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے اختیار میں ہے اور حکومت اس سلسلےمیں مداخلت نہیں کرسکتی ۔ہندوستان کی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ایسی حالت میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کررہی ہیں کہ بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا ہے۔
ہندوستان کی سب سے بڑی آئل مارکٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق اس ملک میں جمعے کو پیٹرول چالیس پیسے مہنگا ہوا۔ نئے اضافے کے بعد ممبئی میں پہلی بار پیٹرول کی قیمت ایک سو پانچ روپے ، چنئی میں سو روپے اور دہلی نیز کولکتہ میں ننانوے روپے فی لیٹر سے عبور کرگئی ۔
اس رپورٹ کے مطابق جمعے کو ممبئی میں پیٹرول ایک سو پانچ روپے چوبیس پیسے اور ڈیزل چھیانوے روپے بہتر پیسے فی لیٹر رہا ۔ چنئی میں پیٹرول کی قیمت سو روپے تیرہ پیسے اور ڈیزل ترانوے روپے بہتر فی لیٹر ریکارڈ کی گئی ۔
کولکتہ میں پیٹرول کی قیمت ننانوے روپے چار پیسے اور ڈیزل کی قیمت بانوے روپے تین پیسے نیز دہلی میں پیٹرول کی قیمت ننانوے روپے سولہ پیسے اور ڈیزل کی قیمت نواسی روپے اٹھارہ پیسے فی لیٹر ریکارڈ کی گئی ۔
ہندوستان میں مئی اور جون میں پیٹرول آٹھ روپے اکتالیس پیسے اور ڈیزل آٹھ روپے پینتالیس پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے۔