Jul ۲۲, ۲۰۲۱ ۲۰:۴۰ Asia/Tehran
  •  دو تہائی ہندوستانیوں میں کورونا سے مقابلے کے لئے اینٹی باڈی موجود

کورونا سے متعلق ایک تحقیقاتی رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ ہندوستان میں دو تہائی لوگوں کے اندر کورونا سے مقابلے کے لئے اینٹی باڈی موجود ہے۔

انڈین میڈیکل ریسرچ کونسل کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دو تہائی عوام کے جسم کے اندر کورونا سے مقابلے کے لئے اینٹی باڈی پایا گیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ دو تہائی ہندوستانی کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔اس رپورٹ سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ سست رفتار کورونا ویکسینیشن کے باوجود ہندوستان میں کورونا کی اگلی لہر زیادہ مہلک اور وحشتناک نہیں ہوگی ۔

اس تحقیقاتی مہم میں ہندوستان کی اکیس ریاستوں میں ستر علاقوں کے چھتیس ہزار سے زائد لوگوں کا اینٹی باڈی ٹیسٹ انجام دیا گیا ۔ اس تحقیقاتی ٹیسٹ مہم میں باسٹھ فیصد لوگوں کے اندر کورونا سے مقابلے کے لئے اینٹی باڈی پایا گیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ افراد کورونا سے متاثر ہوکے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

یہ تحقیقاتی مہم ہندوستان کی میڈیکل ریسرچ کونسل نے جون کے آخری دس ایام اور جولائی کے پہلے ہفتے میں انجام دی ہے۔

ہندوستان کی میڈیکل ریسرچ کونسل نے یہ تحقیقات ایسے عالم میں انجام دی ہیں کہ ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر دم توڑ رہی ہے لیکن حکام تیسری لہر کی آمد کی جانب سے مسلسل خبردار کررہے ہیں۔اس دوران ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے جمعرات کو اعلان کیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے اکتالیس ہزار تین سو تراسی نئے مریضوں اور پانچ سو سات نئی اموات کا اندراج کیا گیا۔

ہندوستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس ملک میں اب تک تین کروڑ بارہ لاکھ ستاون ہزار سات سو بیس افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے چار لاکھ اٹھارہ ہزار نو سو ستاسی افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، چار لاکھ نو ہزار تین سو چورانوے کورونا کے مریض زیرعلاج ہیں اورتین کروڑ چار لاکھ انتیس ہزار تین سو انتالیس افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔

ٹیگس