Jul ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۱:۵۰ Asia/Tehran
  •  پیگاسس معاملے پر حکومت کی خاموشی پر اپوزیشن کی تشویش ؛ ہندوستان کی پارلمنٹ میں جمعہ کو بھی ہنگامہ

ہندوستان میں پیگاسس کے حوالے سے بحران بدستور جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤ‎س میں اپوزیشن اراکین نے ایک میٹنگ میں پیگاسس جاسوسی معاملے پر حکومت کی خاموشی کو تشویشناک قرار دیا۔ یہ میٹنگ راجیہ سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے کے چیمبر میں منعقد ہوئی جس میں کانگریس کے علاوہ حزب اختلاف کی دیگر پارٹیوں کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

میٹنگ کے بعد راجیہ سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے نے صحافیوں سے گفتگو میں پیگاسس جاسوسی اسکینڈل پر اپوزیشن کا موقف بیان کیا۔انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں پیگاسس اسپائی ویئر کے ذریعے دو ہزار انیس سے جاسوسی کا سلسلہ جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں پیگاسس اسپائی ویئر کے ذریعے اپوزیشن لیڈروں، صحافیوں اور ملک کے اہم عہدیداروں کی بھی جاسوسی کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ پیگاسس جاسوسی اسکینڈل نے ملک کی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

دوسری جانب نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں جمعے کو جیسے ہی کارروائی شروع ہوئی حزب اختلاف کے اراکین نے ہنگامہ اور نعرے بازی شروع کردی ۔حزب اختلاف کے اراکین نے مطالبہ کیا کہ پہلے پیگاسس جاسوسی اسکینڈل ، کسانوں کی تحریک اور مہنگائی پر بحث کرائی جائے۔ حزب اختلاف کے اراکین نے اپنے نعروں میں پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کو بہت ہی سنگین معاملہ قرار دیا اور حزب اختلاف کے رہنماؤں، صحافیوں اور عدلیہ سمیت اہم آئینی اداروں کے عہدیداروں کی جاسوسی کو جمہوریت کے قتل سے تعبیر کیا۔ادھر ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی اپوزیشن کا ہنگامہ اور نعرے بازی جاری رہی جس کی وجہ سے وقفہ صفر کی کارروائی نہ چـل سکی۔ اس رپورٹ کے مطابق راجیہ سبھا کے چیئرمین اور نائب صدر وینکیا نائیڈو نے اراکین سے ایوان کے وقار کو ملحوظ رکھنے کی بار بار اپیل کی ۔ انھوں نے اپوزیشن کے رویئے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے رویئے سے ایوان کا وقار مجروح ہو رہا ہے۔
 

ٹیگس