کابل سے نکالے جانے والے پچیس ہندوستانی نئی دہلی پہنچ گئے
کابل سے نکالے جانے والے پچیس ہندوستانیوں سمیت اٹھتر افراد منگل کو ایئرانڈیا کی ایک پرواز سے دوشنبے شہر سے نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔
ہندوستانی خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق دوشنبے سے ایئر انڈیا کی پرواز سے نئی دہلی پہنچنے والے اٹھتر افراد میں پچیس ہندوستانی شہری اور بقیہ افغانی سکھ اور ہندو ہیں۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان اندم باگچی کے مطابق ان افراد کو پہلے ایئر فورس کے ایک طیارے کے ذریعے کابل سے تاجیکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچایا گیا اور وہاں سے انہیں ایئر انڈیا کی پرواز کے ذریعے نئی دہلی لے جایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق منگل کو نئی دہلی پہنچنے والے افغان سکھ اپنے ساتھ سکھوں کی مقدس کتاب گرو گرنتھ صاحب کے تین سوروپ بھی لائے ہیں۔
نئی دہلی پہنچنے والے ان پچیس ہندوستانی شہریوں اور چھیالیس افغان سکھوں اور ہندووں کا اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے استقبال کیا۔