Sep ۰۱, ۲۰۲۱ ۲۲:۴۹ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ کو ملی دورہ ہندوستان کی دعوت

ہندوستان کے وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفونی گفتگو میں دو طرفہ تعلقات کی توسیع پر زور دیتے ہوئے انہیں نئی دہلی کے دورے کی دعوت دی ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، ہندوستان کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ ٹیلیفونی بات چیت میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔

اس ٹیلیفونی گفتگو میں ہندوستانی وزیر خارجہ نے حسین امیر عبداللہیان کو وزارت خارجہ کا سربراہ بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

اسی طرح دونوں رہنماؤں نے ایران اور ہندوستان کے درمیان دو طرفہ، علاقائی اور مواصلاتی تعلقات کی توسیع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں مذاکرات کے لیے نئی دہلی آنے کی دعوت دی۔

انہوں نے اسی طرح افغانستان کے حوالے سے دونوں فریق کے درمیان بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے نئی دہلی کی دعوت پر اپنے ہندوستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کی توسیع کا خیرمقدم کیا اور ویکسین کے لین دین، چابہار بندرگاہ منصوبے میں تیزی لانے نیز تہران اور دہلی کے درمیان تجارت میں توسیع پر زور دیا۔

وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اسی طرح افغانستان میں ایک وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کی ضرورت پر مبنی ایران کے اصولی موقف پر زور دیا اور خطے کے بحرانوں کو کم کرنے کے لیے علاقائی ممالک اور عالمی برادری کے تعاون پر تاکید کی۔

ٹیگس