کورونا ویکسین دوبارہ برآمد کرنے کا ہندوستان کا فیصلہ
حکومت ہندوستان نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ مہینے سے کورونا ویکسین کی برآمدات دوبارہ شروع کردی جائے گی۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق حکومت ہندوستان نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے بڑھتے معاملات کی بنا پر ویکسین کی برآمدات روکے جانے کے بعد اکتوبر سے برآمدات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں تیار کی جانے والی اضافی کورونا ویکسین کو بیرون ملک برآمد کیا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں مدد مل سکے۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس اور اس سے ہونے والی اموات کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر اس ملک کی حکومت نے اندرون ملک تیار کی جانے والی کورونا ویکسین کی برآمدات کو روک دیا تھا تاکہ ہندوستان میں ویکسینیشن کا عمل تیز کیا جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان، کورونا ویکسین کی برآمدات روکنے سے قبل دنیا کے سو ملکوں کو تقریبا چھے کروڑ ساٹھ لاکھ کورونا ویکسین برآمد اور یا ان ممالک کو ہدیہ کر چکا ہے۔