ہندوستان میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، عوام میں بے چینی
ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سنیچر کو مسلسل پانچویں دن گھریلو سطح پر پٹرول 30 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 35 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔ اس اضافے کے بعد دہلی میں پٹرول 103 روپے 84 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 92 روپے 47 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔
ممبئی میں پٹرول کے دام 109 روپے 83 پیسے اور ڈیزل 100 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہوگئے۔
یاد رہے کہ بھارت میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مسلسل پانچ دن کے اضافے کے بعد گزشتہ ہفتے پیر کو بڑھی ہوئی سطح پر برقرار رہیں اور منگل سے ان دونوں پیٹرولیئم ایندھنوں کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ شروع ہوا جو بدستور جاری ہے۔
ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں ان کی قیمتیں اب تک کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ پچھلے نو دن میں پٹرول 2 روپے 65 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 3 روپے 85 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوچکا ہے۔ ہندوستان کے سرکاری ذرائع، عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کی بنیادی وجہ بتاتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بھارت میں جب سے مرکز میں بی جے پی کی حکومت آئی ہے، اس وقت سے ایندھن کی قیمتیں تیزی سے بڑھی ہیں۔