چین کے مقابلے میں ہندوستان کی فوجی آمادگی
ہندوستانی فوج نے موسم سرما کی آمد پر چین سے ملنے والی مشترکہ سرحدوں پر مزید کچھ اقدامات کئے ہیں۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے ایک باخبر ذریعے کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فوج، مشرقی لداخ میں چین کے مقابلے میں خود کو مزید آمادہ کر رہی ہے۔
اس ذریعے نے اپنا نام نہ بتائے جانے کی شرط پر بتایا ہے کہ ہندوستان نے مشرقی لداخ کی سرحدوں پر بھاری اخراجات کے ساتھ جنگی سامان سے لیس فوج کو تعینات کر دیا ہے۔ ہندوستان نے اس سرحد پر توپ، ٹینک، دفاعی سسٹم اور میزائلوں کے ساتھ اپنے پچاس ہزار فوجی جوانوں کو تعینات کر دیا ہے۔
لداخ کی سرحد پر پائے جانے والے اختلافات، چین اور ہندوستان کے فوجیوں میں بارہا جھڑپ و کشیدگی کا باعث بنے ہیں۔
گزشتہ سال بھی اس سرحد پر دونوں ملکوں کے فوجیوں میں ہونے والی جھڑپ میں ہندوستان کے بیس اور چین کے چار فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔