Dec ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی مرکزی حکومت ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو مٹا رہی ہے: سونیا گاندھی

ہندوستان میں کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بی جے پی حکومت پر آمریت سے کام لینے اور ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو ختم کرنے کا الزام لگایا ہے۔

منگل کو ہندوستان میں کانگریس پارٹی کا ایک سو سینتیسواں یوم تاسیس منایا گیا۔ اس مناسبت سے نئی دہلی میں کانگریس پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ مرکزی تقریب میں اہم کانگریسی رہنماؤں اور پارٹی کے کارکنوں نے شرکت کی۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق سونیا گاندھی نے کانگریس پارٹی کے ایک سو سینتیسویں یوم تاسیس کی مناسبت سے پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کیا۔ انھوں نے اپنے اس خطاب میں کہا ہے کہ آج ہندوستان کی مضبوط بنیاد کو کمزور کرنے اور تاریخ کو جھٹل اکر گنگا جمنی تہذیب ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج ہندوستان کا عام شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کرتا ہے اور خوف و ہراس کا شکار ہے کیونکہ آئین اور جمہوریت کو کنارے لگاکے، صرف آمریت چلائی جارہی ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ ان حالات میں کانگریس پارٹی خاموش نہیں رہے گی اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ ملک کی وراثت کو تباہ کردے۔

انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک اور سماج کے خلاف سا‎زشوں کو ناکام بنانے کے لئے جدوجہد کرے گی اور عام شہریوں اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے ہر قربانی کے لئے تیار ہے۔

خیال رہے کہ ہندوستان میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت پر اپوزیشن جماعتوں اور آزاد حلقوں کی طرف سے فرقہ واریت کو ہوا دینے اور ووٹ بینک بنانے کے لئے نفرت اور ہندو مسلم اختلافات کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔ ملک میں اقلیتی رہنماؤں کا ماننا ہے کہ بی جے پی دور اقتدار میں اقلیتی اقوام بالخصوص مسلمانوں میں عدم تحفظ کا احساس اپنے عروج کو پہنچ چکا ہے اور جس کا سبب ملک کے مختلف علاقوں میں گاہے بگاہے پیش آنے والے ماب لنچنگ جیسے ناخوشگوار واقعات کا رونما ہونا ہے کہ جن میں اکثر و بیشتر، مسلمان ہی مذہبی منافرت کی بھینٹ چڑھتے ہیں۔

ٹیگس