ہندوستان میں اومی کرون متاثرین کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی
ہندوستان میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔
نئی دہلی سے یو این آئی نے رپورٹ دی ہے کہ ہندوستان میں ہلاکت خیز کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے ساتھ ہی نئے ویرینٹ اومیکرون سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے جمعے کو بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کی تیئس ریاستوں میں ایک ہزار دو سو ستر لوگ کورونا کی نئی قسم اومیکرون سے متاثر پائے گئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر میں چار سو پچاس دہلی میں تین سو بیس اور کیرالہ میں ایک سو نو افراد کو اومیکرون سے متاثر پایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں اب تک اومیکرون کے وائرس سے متاثر تین سو چوہتر افراد شفایاب بھی ہو چکے ہیں۔ ہندوستانی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے سولہ ہزار سات سو چونسٹھ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
اس وقت ہندوستان میں کورونا کے اکیانوے ہزارتین سو اکسٹھ مریض زیر علاج ہیں۔
پاکستان میں بھی ڈیڑھ ماہ بعد ایک بار پھر کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں پاکستان میں کورونا کے پانچ سو پندرہ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے۔