مبینہ وعدہ خلافیوں پر معترض افغان طلبا کا ہندوستان میں مظاہرہ
Jan ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
ہندوستان پہنچنے والے افغانستان کی فوجی یونیورسٹی کے طلبا نے اس ملک کی وزارت خارجہ کی عمارت کے سامنے احتجاجی اجتماع کیا۔
طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی سابق حکومت کے دور میں ہندوستان جانے والے افغانستان کے ان فوجی کیڈٹوں نے ہندوستانی حکام کی جانب سے ان کے حقوق کی مبینہ پامالی اور وعدوں کی خلاف ورزی کئے جانے پر کڑی تنقید کی۔
افغانستان کے ان فوجی طلبا نے اپنی اقتصادی بد حالی اور نفسیات پر پڑنے والے اس کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے ہندوستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی صورت حال پر توجہ دیں۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے بیرون ملک نہ صرف افغان طلبا بلکہ افغان سفارت کار بھی اپنے مبہم مستقبل و صورت حال سے دوچار ہیں۔