Mar ۰۸, ۲۰۲۲ ۲۲:۳۹ Asia/Tehran
  • فلسطین، ہندوستانی سفارتکار اپنے آفس میں مردہ حالت میں ملا، تحقیقات شروع

فلسطین میں ہندوستان کے نمائندے مکل آریا، رام اللہ میں ہندوستانی مشن کے اندر مردہ حالت میں پائے گئے۔

انڈین فارن سروس کے عہدیدار مکل آریا کی موت کے اسباب کا فوری طور پر کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سفارتکار کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ٹوئٹ کیا کہ رام اللہ میں ہندوستان کے نمائندے مکل آریا کی موت کے بارے میں جان کر گہرا صدمہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک بااثر، باصلاحیت اور قابل عہدیدار تھے، میری ان کے اہل خانہ اور قریبیوں سے بہت ہمدردی ہے۔

فلسطین کی اعلی قیادت نے اتوار کو مکل آریا کی ان کی آفس میں موت پر بہت افسوس کا اظہار کیا تھا۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسے سفیر آریا کی موت کی خبر سن کر تعجب  اور صدمہ ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس دردناک خبر کے فورا بعد فلسطینی انتظامیہ نے صحت اور فورنسک میڈیسن کی وزارت اور سبھی سیکورٹی، پولیس اور سول عہدیداروں کو موت کے اسباب کی دقیق تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

آریا نے کابل اور ماسکو میں ہندوستانی سفارتخانوں کے ساتھ ساتھ نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے دفتر میں بھی خدمات انجام دی تھیں۔ وہ پیرس میں اور یونیسکو میں ہندوستان کے مستقل نمائندے کے طور پر بھی مشغول رہ چکے ہیں۔

آریا نے ہندوستان انڈین فارن سروس میں شامل ہونے سے پہلے دہلی یونیورسٹی اور جواہر لال یونیورسٹی میں اقتصاد کے شعبے میں تعلیم حاصل کی تھی۔

ٹیگس