راجیو گاندھی کا قاتل ضمانت پر رہا
ہندوستانی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کے قاتل کو ضمانت پر رہا کردیا ہے۔
ہندوستان کی عدالت عظمی نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے اے جی پیراریولن کو بدھ کو ضمانت دے دی۔ ہندوستان کی سرکاری نیوز ایجنسی یو این آئی کے مطابق جسٹس ایل ناگیشور راو اور جسٹس بی آرگوئی کی بینچ نے قید کے دوران پیراریولن کے اچھے چال چلن پر غور کرتے ہوئے اس کی ضمانت عرضی منظور کرلی۔
رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کی بینچ نے پیراریولن کے تیس سال سے زیادہ وقت تک جیل میں قید رہنے اور کئی بار پیرول پر رہا کئے جانے کے دوران کسی قسم کی شکایت نہ ملنے پر غور کرتے ہوئے اسے ضمانت دی۔
مرکزی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل کے ایم نٹراج نے سماعت کے دوران اس کی ضمانت عرضی کی سخت مخالفت کی۔ ایم نٹراج نے عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم راجیوں گاندھی کے قاتل کو ضمانت دینے کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو سابق وزیراعظم کے قتل کے معاملے میں پھانسی کی سزا دی گئی تھی اور عدالت نے دوہزار چودہ میں اسے پہلے ہی راحت دیتے ہوئے اس کی پھانسی کی سزا عمر قید میں تبدیل کردی تھی ۔