Apr ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۶:۲۶ Asia/Tehran
  • راجیہ سبھا میں اپوزیشن رہنماؤں کا احتجاج

ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے اراکین نے دواؤں کی قیمت میں اضافہ واپس لئے جانے کا مطالبہ کیا۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کی جماعت مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی اور شیوسینا نے دواؤں کی قیمت میں اضافے کا مسئلہ اٹھایا ۔ مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے رکن جان برٹ نے وقفہ صفر کے دوران کہا کہ ہندوستان کے عوام مہنگائی سے پہلے ہی پریشان تھے کہ حکومت نے آٹھ سو سے زائد دواؤں کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان کردیا۔

انھوں نے بتایا کہ حکومت نے دواؤں کی قیمتوں میں گیارہ فیصد تک اضافے کا اعلان کیا ہے جو اب تک کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ دواؤں کی قیمتیں بڑھنے سے ملک کے غریب طبقے کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔ حکومت اس کو فورا واپس لے ۔

شیوسینا کی رکن پرینکا چترویدی نے بھی دواؤں کی بڑھی ہوئی قیمتیں واپس لئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل مہنگائی سے عام آدمی کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے انتہائی ضروری ادویات کی قیمتیں بڑھائی ہیں جن میں کینسر ، ذیا بیطس، بخار، اور دمے کی دوائیں شامل ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے لئے دواؤں کی قیمتوں میں یہ اضافہ ناقابل برداشت ہے لہذا اس کو واپس لیا جائے ۔

حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین نے بھی اس مطالبے کی حمایت کی ۔

ٹیگس