Apr ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • کشمیر میں تصادم، ایک عسکریت پسند جاں بحق 3 فوجی زخمی

ہندوستان کے زیر انتظام شمالی کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین تصادم آرائی میں ایک عسکریت پسند جاں بحق ہوا۔ رپورٹ ملنے تک جھڑپ جاری تھی۔

اس تصادم میں ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں 3 فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

  پولیس کے ترجمان نے دعوی کیا کہ بارہ مولہ انکاونٹر میں لشکر طیبہ کا سرکردہ کمانڈر یوسف کانترمارا گیا جبکہ آپریشن ابھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے عسکریت پسند کے پاس سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد ہوا۔

 قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعرات علی الصبح اس علاقے کو محاصرے میں لے کر آپریشن شروع کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں دو سے تین عسکریت پسند موجود ہوسکتے ہیں تاہم پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔

دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں عسکریت پسندوں اور فورسز کے مابین تصادم جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں تین فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطرنزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کیا ہے۔

ٹیگس