Apr ۳۰, ۲۰۲۲ ۲۰:۵۲ Asia/Tehran
  • مودی حکومت پر راہل گاندھی کی تنقید

ہندوستان میں بجلی کے بحران کے تعلق سے کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمان اور سابق صدر راہل گاندھی نے بجلی کے بحران کا ذمہ دار بی جے پی حکومت کو قرار دیا ہے۔ انھوں نے اس تعلق سے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب شدید گرمی میں عوام کو بجلی کی سپلائی میں ناکامی کا ذمہ دار مسٹر مودی کس کو قرار دیں گے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنی ناکامیوں اور کوتاہیوں کو چھپانے کے لئے ذمہ داری سے بھاگتے ہیں اور دوسروں کو مورد الزام قرار دیتے ہیں۔ انھوں نے وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بحران کا ذمہ دار مسٹر مودی سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو قرار دیں گے، یا ملک کے عوام اور ریاستی حکومتوں پر ڈالیں گے؟

یاد رہے کہ اس وقت ہندوستان بجلی کے شدید بحران سے دوچار ہے ۔ اس بحران کی وجہ بجلی گھروں کو کوئلے کی سپلائی میں کمی کو بتایا گیا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار کم ہوگئی ہے۔ بحران کے نتیجے میں اچانک بجلی کٹ جانے سے جمعے کو حیدرآباد دکن سمیت ہندوستان کے بہت سے شہر تاریکی میں ڈوب گئے۔

ہندوستان میں کوئلے کی قلت اور بجلی کے بحران کے نتیجے میں ہندوستانی ریلویز نے درجنوں مسافر ٹرینیں منسوخ کردی ہیں۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اچانک ٹرینیں منسوخ ہوجانے سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 

ٹیگس