موہالی دھماکہ ایک بزدلانہ حرکت ہے: عام آدمی پارٹی رہنما
ہندوستان میں عام آدمی پارٹی کے رہنما اور ریاست دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پنجاب کے موہالی شہر میں ہوئے دھماکے کو ایسے لوگوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے جو اس ریاست میں امن وامان کی صورت حال خراب کرنا چاہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں عام آدمی پارٹی کے رہنما اور ریاست دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کجریوال نے منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ موہالی دھماکہ ایسے لوگوں کی بزدلانہ کارروائی ہے جو پنجاب کے امن و امان کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی پنجاب حکومت، ان لوگوں کے منصوبوں کو کبھی پورا نہیں ہونے دے گی اور پنجاب کے سبھی لوگوں کے تعاون سے ہر حال میں امن قائم کیا جائے گا اور مجرموں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔
پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے بھی کہا ہے کہ پولیس اہلکار موہالی میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور جس نے بھی ریاست پنجاب کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ہے اسے بخشا نہیں جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ دھماکہ پیر کی رات پنجاب پولیس کے موہالی میں انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ کوارٹر میں ہوا تھا۔ اس دھماکہ میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا تاہم دھماکہ کے بعد پنجاب پولیس نے گرد و نواح میں سکیورٹی سخت کر دی ہے۔