کیجریوال دہلی کے حصے کا پانی کم کرکے انتخابات میں اپنی شکست کا بدلہ لے رہے ہیں: پرویش صاحب سنگھ ورما
May ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۴:۵۲ Asia/Tehran
دہلی کے پانی وزیر پرویش صاحب سنگھ ورما نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال اور ان کی پارٹی پانی کی سپلائی میں کمی کر کے دہلی انتخابات میں اپنی شکست کا بدلہ لے رہی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق دہلی کے پانی وزیر پرویش صاحب سنگھ ورما نے منگل کو پنجاب کی عام آدمی پارٹی (اے اے پی) حکومت پر دہلی کا پانی کم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال اور ان کی پارٹی پانی کی سپلائی میں کمی کر کے دہلی انتخابات میں اپنی شکست کا بدلہ لے رہی ہے۔
مسٹر ورما نے آج کہا کہ دہلی میں پچھلے ایک ہفتہ سے کم پانی کی سپلائی ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ پنجاب کی اے اے پی حکومت ہے جس نے اپنی شکست کا بدلہ لینے کے لیے دہلی کو پانی کی سپلائی میں کمی کر دی۔ انہوں نے کہا، "بھاکھڑا بیاس مینجمنٹ بورڈ (بی بی ایم بی) سے ہریانہ کے لیے جو پانی چھوڑا جاتا تھا، ان ہوں نے اسے کم کردیا۔ روزانہ ہریانہ سےجو پانی دہلی آتاتھا وہ اوسطا 100 کیوسک تھا۔ لیکن یکم مئی کو ہمیں 88 کیوسک کم پانی ملا، 2 مئی کو 119 کیوسک، 3 مئی کو 71، چار مئی کو 55 اور 5 مئی یعنی کل 130 کیوسک پانی کم آیا۔ اس کا مطلب ہے کہ دہلی کو 15 فیصد کم پانی ملا ہے۔
انہوں نے کہا، "پنجاب حکومت اور مسٹر کیجریوال دہلی کے لوگوں سے بدلہ لینا چاہتے ہیں۔ پنجاب حکومت اروند کیجریوال کے حکم پر ہریانہ کو کم پانی دے رہی ہے اور اس کی وجہ سے دہلی کو بھی پانی کم مل رہا ہے۔ ہم اس گندی سیاست کو جاری نہیں رہنے دیں گے۔" انہوں نے مسٹر کیجریوال سے کہا کہ ایسی گندی سیاست آپ کو زیب نہیں دیتی۔