ملک کی معیشت انتہائی تشویشناک، کانگریس پارٹی
ہندوستان میں حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے ملک کی معیشت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے ادوے پور میں کانگریس پارٹی کی چنتن شویر کی اقتصادی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ملک کی معاشی حالت بہت تشویشناک ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترقی کی رفتار رک چکی ہے اور ہر طرف مہنگائی اور بے روز گاری کا ماحول ہے ۔ انھوں نے کانگریس پارٹی کے کارکنوں سے کہا کہ ملک کی معیشت کو ٹریک پر واپس لانے کے لئے نئے انداز سے انتھک محنت کی ضرورت ہے ۔
انھوں نے پارٹی کی چنتن شویر کی اقتصادی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان اعتماد پوری طرح ختم ہوچکا ہے اور ملک کی معاشی حالت بہت خراب ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ ہندوستان کی ریاست راجستھان کے شہراودے پور میں چنتن شویر کے زیر عنوان کانگریس پارٹی کا ورکشاپ جاری ہے ۔ اس ورکشاپ کا آغاز جمعے کو پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کی تقریر سے ہوا تھا ۔
انھوں نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ملک میں ایک سنگین بحران پیدا کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج ملک کو درپیش مسائل اوربی جے پی حکومت کے پیدا کردہ غیر معمولی حالات سے نمٹنے کے لئے غیر معمولی توانائی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو ملک کے عوام کی توقعات کے مطابق نئی توانائی، بلند حوصلوں اور نئے عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔