May ۱۶, ۲۰۲۲ ۲۰:۳۸ Asia/Tehran
  • دہلی میں بلڈوزر چلانے کی بی جے پی کی تیاری

دہلی کے وزیر اعلی نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی حکومت قومی دارالحکومت میں ترسٹھ لاکھ گھروں اور دکانوں پر بلڈوزر چلانے کی تیاری کر رہی ہے۔

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی حکومت والی بلدیہ قومی دارالحکومت کے کئی علاقوں میں بلڈوزر چلا رہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ کئی مہینے تک بلڈوزر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے لوگ، بلڈوزر لے کے کسی بھی کالونی پہنچ جاتے ہیں اور کسی کا بھی مکان یا دکان توڑ دیتے ہیں۔

کیجریوال نے کہا کہ بہت سے ایسے مکانات اور دکانیں توڑ دی گئیں جن کے مالکین کے پاس قانونی کاغذات موجود تھے ، وہ ہاتھ میں کاغذات لئے یہ کہتے رہے کہ میرے کاغذات دیکھ لو مگر اس کی فریاد پر کوئی توجہ دیئے بغیر بلڈوزر چلادیا گیا۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ بلڈوزر کارروائی میں نہ تو لوگوں کو نوٹس دیا جاتا ہے اور نہ ہی ان کے کاغذات دیکھے جاتے ہیں بس بلڈوزر چلا دیئے جاتے ہیں۔

دہلی کے وزیر اعلی نے کہا کہ بی جے پی کی پلاننگ یہ ہے کہ ساری کچی کالونیاں توڑ دی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی دارالحکومت دہلی میں ترسٹھ لاکھ مکانات اور دکانوں کو منہدم کرنا بی جے پی حکومت کے منصوبے میں شامل ہے اور یہ آزاد ہندوستان میں اب تک کی سب سے بڑی تباہی ہوگی۔

 

ٹیگس