عوام سے مبینہ ووٹ چوری کے خلاف مہم میں شامل ہونے کی اپیل؛ راہل گاندھی
ہندوستان میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے عوام سے مبینہ ووٹ چوری کے خلاف مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ وہ سترہ اگست سے ووٹ چوری کے خلاف ادھیکار ریلی نکال رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اس ریلی میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شخص ایک ووٹ کے اصول کے لئے انہوں نے فیصلہ کن جنگ شروع کررکھی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ان کی یہ لڑائی آئین، جمہوریت اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سبھی سبھی طبقات کے لوگوں، نوجوانوں، مزدوروں، کسانوں اور ہر شہری کو اس تحریک میں شامل ہونا چاہئے۔
یاد رہے کہ ہندوستان میں حزب اختلاف کے انڈیا اتحاد نے حکومت اور الیکشن کمیشن پر ووٹر لسٹ لسٹ نظرثانی کےنام پر عوام کے ووٹوں کی چوری کا الزام لگاتے ہوئے، اس کے خلاف مہم شروع کررکھی ہے۔ کانگریس پارٹی کے مطابق مبینہ ووٹ چوری کے خلاف ادھیکار ریلی سترہ اگست کو بہار کے علاقے ساسا رام سے شروع ہوگی اور یکم ستمبر کو پٹنہ پہنچ کر ختم ہوگی۔