پلوامہ میں جھڑپ، 2 علیحدگی پسند مارے گئے
May ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۸ Asia/Tehran
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک جھڑپ میں 2 علیحدگی پسندوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔
سری نگر سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ میں اتوار کی رات سیکورٹی اہلکاروں اور مسلح علیحدگی پسندوں کے درمیان شروع ہونے والا تصادم پیر کو بھی آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔
پولیس کے مطابق، اس تصادم میں 2 عسکریت پسند مارے گئے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی پولیس نے اتوار کی رات بتایا تھا کہ پلوامہ میں جیش سے وابستہ علیحدگی پسندوں کے روپوش ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد آپریشن شروع کیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کی رات پلوامہ میں علیحدگی پسندوں کے چھپے ہونے کی جگہ کا محاصرہ جاری رہا لیکن آپریشن تاریکی کی وجہ سے روک دیا گیا تھا جو پیر کی صبح اجالا ہونے کے بعد دوبارہ شروع ہوا۔