Jun ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  •  بے جی پی حکومت پر مخالف سیاسی رہنماؤں پر فرضی مقدمات درج کرنے کا الزام

دہلی کے وزیر اعلی نے مرکز کی بے جی پی حکومت پر مخالف سیاسی رہنماؤں پر فرضی مقدمات قائم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مرکزی حکومت، ان کے وزیر صحت ستیندر جین کی طرح نائب وزیراعلی منیش سسودیا کو بھی فرضی مقدمہ قائم کرکے گرفتار کراسکتی ہے۔

اروند کیجریوال نے کہا کہ انھوں نے چند ماہ پہلے کہا تھا کہ مرکزی حکومت دہلی کی ریاستی حکومت کے وزیر صحت ستیندرجین کے خلاف فرضی مقدمہ تیار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن ذرائع سے انہیں یہ بات معلوم ہوئی تھی، انہیں ذرائع نے بتایا ہے کہ نائب وزیراعلی منیش سسودیا کو بھی ایک فرضی مقدمے میں گرفتار کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

دہلی کے وزیراعلی کا کہنا تھا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے سبھی ایجنسیوں کو منیش سسودیا کے خلاف فرضی مقدمہ تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان کے بعض آزاد تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت، اپنے مخالفین کو فرضی مقدمات میں الجھا رہی ہے تاکہ اس کے خلاف اپوزیشن کوئی موثر تحریک نہ چلاسکے ۔

بدھ کو کانگریس پارٹی کے میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا اور پارٹی کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں مودی حکومت پراسی قسم کا الزام لگایا تھا۔ دونوں کانگریسی رہنماؤں نے نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس میں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور رکن پارلیمان راہل گاندھی کے نام نوٹس جاری ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں مودی حکومت پر ایجنسیوں سے مخالفین پر دباؤ ڈالنے کے لئے کام لینے اور ملک میں آمریت قائم کرنے کا الزام لگایا تھا۔

ٹیگس