صدارتی الیکشن میں عام آدمی پارٹی کا یشونت سنہا کی حمایت کا فیصلہ
ہندوستان میں عام آدمی پارٹی نے صدارتی الیکشن میں حزب اختلاف کے امیدوار یشونت سنہا کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سنیچر کو ہندوستان کی عام آدمی پارٹی کی مشاورتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں، صدارتی الیکشن میں، یشونت سنہا کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے بعد عام آدمی پارٹی کے سنیئر رہنما اور ایم پی راجیہ سبھا مسٹر سنجے سنگھ نے کہا کہ ہم محترمہ دروپدی مرمو کا احترام کرتے ہیں، لیکن صدارتی الیکشن میں ووٹ یشونت سنہا کو دیں گے۔
ہندوستان میں پیر اٹھارہ جولائی کو صدارتی الیکشن میں ووٹنگ ہوگی ۔ حکمراں قومی جمہوری اتحاد نے قبائلی خاتون سیاستداں دروپدی مرمو کو اور متحدہ حزب اختلاف نے سینیئر سیاستداں اور سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کو میدان میں اتارا ہے۔
یشونت سنہا سابق وزیر اعظم اٹل بیہاری واجپئی کی کابینہ میں مرکزی وزیر خزانہ تھے۔ دو ہزار چودہ کے عام انتخابات میں، بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت سے بعض اختلافات کی بناء پر کئی سینیئر بی جے پی رہنماؤں کو ٹکٹ نہیں دیئے گئے تھے، ان میں یشونت سنہا بھی شامل تھے ۔
یشونت سنہا نے بعد میں اختلافات میں شدت آنے کے بعد پارٹی کو خیر باد کہ دیا تھا۔