مہاراشٹرا کے گورنر کے بیان پر کانگریس اور شیوسینا کا ردعمل
شیوسینا اور کانگریس پارٹی نے ریاست مہاراشٹر کےگورنر کی جمعے کی رات کی تقریر کو ریاست کے عوام کی توہین قرار دیا ہے۔
ہندوستان کے سرکاری خبررساں ادارے یو این آئی کے مطابق شیوسینا کے رکن پارلیمان سنجے راوت نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کے گورنر نے جمعے کی رات تقریر میں محنت کش مراٹھی عوام کی کھلی توہین کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کانگریس پارٹی کے ترجمان سچن ساونت نے بھی کہا ہے کہ ریاست کے گورنر کی یہ تقریر، مراٹھی برادری کی توہین ہے۔
انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے گورنر اسی ریاست کے لوگوں کو بدنام کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ریاست مہاراشٹر کے بی جے پی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے جمعے کی رات ممبئی میں ایک تقریب سے خطاب میں ریاست میں گجراتیوں اور راجستھانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر گجراتی اور راجستھانی ممبئی اور تھانے سے چلے گئے تو نہ مہاراشٹر میں کوئی پیسہ بچے گا اور نہ ہی ممبئ ہندوستان کی اقتصادی راجدھانی باقی رہے گی ۔
انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ گجراتی اور راجستھانی جہاں جاتے ہیں وہاں اسپتال اور اسکول بنواتے ہیں اور ترقی کے لئے کام کرتے ہیں۔