Jul ۳۱, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۸ Asia/Tehran
  • ای ڈی کے افسران کی ایک ٹیم اتوار کو سنجے راوت کے گھر پہنچی

ہندوستان کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اہلکار اتوار کی صبح شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کے گھر پہنچ گئے۔

ہندوستان کی سرکاری نیوز ایجنسی یو این آئی کے مطابق ای ڈی کے افسران کی ایک ٹیم اتوار کی صبح ممبئی کے مضافات میں شیوسینا لیڈر اور رکن پارلیمان سنجے راوت کے گھر پہنچ گئی۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی کے افسران کے ساتھ سینٹرل ریزرو پولیس فورس سی آر پی ایف کی ایک ٹیم بھی موجود تھی۔
بتایا گیا ہے کہ آخری اطلاع ملنے تک شیوسینا ایم پی سنجے راوت کے گھر کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور کسی بھی شخص کو گھر کے احاطے میں جانے کی اجازت نہیں تھی۔
ہندوستان کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سنجے راوت، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سمن کو نظرانداز کرتے ہوئے اس کے صدر دفتر نہیں گئے جس کے بعد ایجنسی کے افسران ، سی آر پی ایف کی ایک ٹیم کے ہمراہ اتوار کی صبح تفتیش کے لئے ان کے گھر پہنچے۔
یاد رہے کہ ای ڈی نے حال ہی میں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور ان کے بیٹے جو لوک سبھا کے رکن بھی ہیں، راہل گاندھی کو طلب کرکے پوچھ گچھ کی ہے۔ اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے کئی لیڈران کے خلاف بھی، ای ڈی نے کارروائی کی ہے۔ ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں کا الزام ہے کہ مرکزی حکومت اپوزیشن پر دباؤ ڈالنے کے لئے ای ڈی سے کام لے رہی ہے۔

ٹیگس