ہندوستان: جموں و کشمیر میں فائرنگ
ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے بدھل علاقے میں گذشتہ شب کچھ وی ڈی سی ممبروں کی طرف سے مشتبہ افراد پر فائرنگ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے راجوری کے شاہ پورعلاقے سے تعلق رکھنے والے ایک وی ڈی سی ممبر نے منگل کی شام تقریبا نو بجے مشتبہ افراد کی نقل و حمل دیکھی جنہوں نے اس کو پتھر مار کر زخمی کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ وی ڈی سی ممبر نے ان افراد پر فائرنگ کی جس کے بعد باقی وی ڈی سی ممبروں نے بھی ان پر گولیاں چلائیں۔
مقامی لوگوں نے دعویٰ کیا کہ مشتبہ افراد نے بھی وی ڈی سی ممبروں کی طرف گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے بدھل علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔