Aug ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۸ Asia/Tehran
  • اپوزیشن لیڈر کی ای ڈی میں طلبی پر کانگریس کا ردعمل

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے کی ای ڈی میں طلبی کو جمہوریت کی توہین قرار دیا ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سینیئر کانگریسی رہنما اور ایم پی راجیہ سبھا دگ وجے سنگھ نے کہا ہے کہ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا کہ پارلیمنٹ چل رہی ہو اور کسی رکن پارلیمنٹ کو تفتیش کے لئے بلایا گیا ہو۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہونے کے بعد راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے ای ڈی میں تفتیش کے لئے بلایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ای ڈی مسٹر کھڑگے کو اجلاس شروع ہونے سے قبل گیارہ بجے سے پہلے، یا پھر پانچ بجے اجلاس کا وقت ختم ہونے کے بعد بلا سکتی تھی لیکن اس نے اجلاس شروع ہونے کے بعد انہیں بلایا اور اس طرح اس نے جمہوریت کا مذاق اڑایا ہے۔

ایک اورسینیئر کانگریسی رہنما جے رام رمیش نے بتایا ہے کہ ای ڈی نے مسٹر کھڑگے کو اس وقت طلب کیا جب پارلیمنٹ کا اجلاس چل رہا تھا اور وہ بارہ بجکر بیس منٹ پر اجلاس چھوڑ کر جانے پر مجبور ہوئے ۔

یاد رہے کہ ای ڈی نے جمعرات کے دن ارجن کھڑگے کو نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ۔ ای ڈی اس سے قبل کانگریس صدر سونیا گاندھی اور ان کے بیٹے راہل گاندھی کو بھی بلاکر تفتیش کرچکی ہے۔

ای ڈی نے جمعرات کو کانگریس پارٹی سے وابستہ ہیرالڈ ہاؤس میں ینگ انڈیا لمیٹیڈ کے دفتر کی عمارت کی دوبارہ تلاشی لی ۔ اس سے پہلے اس نے ینگ انڈیا اخبار کے دفتر کو سیل کردیا تھا۔ ینگ انڈیا اخبار کا دفتر سیل کئے جانے پر کانگریسی رہنما کمل ناتھ نے ٹوئٹ کیا کہ یہ اخبار گاندھی جی نے شروع کیا تھا، جس کے ذریعے انھوں نے عدم تشدد کی روشنی پورے ملک میں پھیلائی اور ہمیں آزادی دلائی ۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اب اس اخبار کو کچلا جارہا ہے جس کا جواب آزاد ہندوستان دے گا۔

یاد رہے کہ ہندوستان کے مرکزی تفتیشی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ملک بھر میں ہیرالڈ ہاؤ‎س اور ینگ انڈیا سمیت نیشنل ہیرالڈ نیوز پیپر گروپ کے دفاتر اور مراکز کی تلاشی لی ہے۔

ٹیگس