تاناشاہ حکومت کے خلاف ایک بار پھر کرو یا مرو جیسی تحریک کی ضرورت ہے: راہل گاندھی
کانگریس پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ناانصافی کے خلاف ایک بار پھر کرو یا مرو جیسی تحریک کی ضرورت ہے۔
ہندوستان کی کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے ہندوستان چھوڑو تحریک کی سالگرہ کے موقع پر کہا کہ آج کی تاناشاہ حکومت کے خلاف اور ملک کی حفاظت کے لیے مزید ایک کرو یا مرو جیسی تحریک کی ضرورت ہے۔
راہل گاندھی نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ تاریخ کا وہ صفحہ جسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا- بھارت چھوڑو تحریک۔ 8 اگست 1942 کو بامبے سے شروع ہوئی اس تحریک نے انگریزوں کی نیند اڑا دی تھی۔ 8 اگست کی اس شام کو بامبے کے گوالیا ٹینک میدان میں لوگ جمع ہونا شروع ہوئے، گاندھی جی نے کرو یا مرو کا نعرہ دیا اور بس ہندوستان میں انگریزی حکومت کا آخری باب شروع ہو گیا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ آج ایک بار پھر ’کرو یا مرو‘ جیسی تحریک کی ضرورت ہے۔ اب وقت آ گیا ہے جب ناانصافی کے خلاف بولنا ہی ہوگا۔ تاناشاہی، مہنگائی اور بے روزگاری کو بھارت چھوڑنا ہی ہوگا۔