May ۳۱, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۶ Asia/Tehran
  • راہل گاندھی کی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت پرکڑی نکتہ چینی

ہندوستان میں کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت پر سخت حملے کئے ہیں ۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور سابق صدر راہل گاندھی نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک وزیر اعظم نریندر مودی کی نوٹ بندی کی چوٹ کو ابھی نہیں بھولا ہے اور نوٹ بندی سے ملک کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔

انھوں نے کہا کہ نریندر مودی نے آٹھ نومبر دو ہزار سولہ کو اچانک نوٹ بندی کے نام پر پورے ملک کو لائن میں کھڑا کردیا ۔ راہل گاندھی نے اپنے بیان میں کہا کہ لوگ اپنے ہی پیسے نکالنے کے لئے ترس گئے اور گھنٹوں لائن میں کھڑے رہنے کے نتیجے میں بہت سے لوگوں کی موت ہوگئی ۔

کانگریس پارٹی کے رہنما نے کہا کہ نوٹ بندی کے وقت ہم نے کہا تھا کہ یہ ایک قومی المیہ ہے اور کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ، مودی جی سے کوئی غلطی نہیں ہوئی ہے بلکہ یہ جان بوجھ کر کیا گیا ہے تاکہ مودی کے دوست سرمایہ داروں کے لاکھوں اور کروڑوں روپے کے قرض عام لوگوں کے پیسے سے معاف کئے جاسکیں اور ان کے کالے دھن کو سفید کیا جاسکے ۔

کانگریسی رہنما نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اقدامات کو آمرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ راجہ کے ایک آمرانہ فرمان نے عوام کو ناقابل فراموش چوٹ دی ہے اور نوٹ بندی کا درد ملک کبھی نہیں بھولے گا۔

ٹیگس