Aug ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • بی جے پی حکومت تاریخی حقائق میں تحریف کر رہی ہے: کانگریس

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے یوم آزادی کی مناسبت سے قوم کے نام اپنے پیغام میں بی جے پی حکومت پر تاریخی حقائق کے بارے میں غلط بیانی کا الزام لگایا ہے۔

کانگریس صدر نے کہا کہ گزشتہ پچھتر برس میں ملک نے اپنے باصلاحیت افراد کی محنت سے سائنس، تعلیم ، صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ ہندوستان نے اپنے دور اندیش لیڈروں کی قیادت میں ایک طرف آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابی نظام قائم کیا اور دوسری طرف جمہوریت اور آئینی اداروں کو مضبوط کیا۔

سونیا گاندھی نے کہا کہ ہندوستان نے زبان، مذہب اور فرقے کے تکثیری امتحان میں پورا اترنے والے ملک کی قابل فخر شناخت حاصل کی۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ پچھتر برس میں ملک نے بہت سی کامیابیاں حاصل کیں لیکن آج بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ملک کے عظیم مجاہدین آزادی کی قربانیوں اور شاندار کامیابیوں کو معمولی قرار دینے پر تلی ہوئی ہے جس کو کبھی بھی قبول نہیں کیا جا سکتا۔

سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی تاریخی حقائق کو مسخ کرنے اور جنگ آزادی کے عظیم لیڈروں کو جھوٹ کی بنیاد پر کٹہرے میں لا کھڑا کرنے کی ہر کوشش کی پوری سختی سے مخالفت کرے گی۔

ٹیگس