Aug ۲۳, ۲۰۲۲ ۱۶:۲۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: سپریم کورٹ میں بلقیس بانو کیس سماعت کے لئے منظور

ہندوستانی سپریم کورٹ نے ریاست گجرات کے بلقیس بانو کیس کے مجرمین کی سزا میں چھوٹ کے خلاف دائر مفاد عامہ کی اپیل کو سماعت کے لئے منظور کرلیا۔

ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق سپریم کورٹ نے منگل کو سینیئر ایڈوکیٹ کپل سبل اور ایڈوکیٹ اپرنا بھٹ کے دلائل سننے کے بعد اپیل کی جلد سماعت کی منظوری دے دی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپیل پر جلد سماعت کی درخواست کی منظور کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ اپیل پر سماعت کے لئے جلد ہی ایک مناسب بینچ تشکیل دی جائے گی۔
یاد رہے کہ سن دو ہزار دو میں ہندوستان کی ریاست گجرات کے مسلم کش فسادات کے دوران چودہ انتہا پسند ہندوؤں نے ایک حاملہ خاتون بلقیس جہاں کو اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ۔ ان لوگوں نے بلقیس جہاں کی اجتماعی آبروریزی سے قبل ان کی تین سالہ معصوم بچی کو بھی انتہائی بے دردی سے قتل اور بلقیس جہاں کے گھر کی بعض دیگر خواتین کو بھی اجتماعی جنسی درندگی کا نشانہ بنایا تھا۔ ان چودہ افراد میں سے گیارہ کو عدالت نے مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی تھی، لیکن ریاست گجرات کی بی جے پی حکومت کی کوششوں سے ہندوستان کے یوم آزادی کی پچھترویں سالگرہ پر مذکورہ گیارہ قیدیوں کی بقیہ سزا معاف کر کے انہیں جیل سے رہا کر دیا گیا جس پر پورے ہندوستان میں اعتراض کیا گیا۔ اسی کے ساتھ ہندوستان کی مختلف سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور شخصیات نے مذکورہ گیارہ انتہا پسند مجرمین کی سزا میں چھوٹ کے فیصلے کو عدالت عظمی میں چیلنج کر دیا۔

ٹیگس